روحانیت ،پھونکوں کا علم ۔۔۔"ایک شبہ " کا جواب
عظیم صوفی سلسلے "سلسلہ عظیمیہ"کے امام حضور قلندر بابا اولیاءؒ فرماتے ہیں کہ:
’’کوئی علم قربت کے بغیر حاصل نہیں ہوتا۔‘‘
روحانیت کیلئے قربت ضروری ہے۔ جس طرح بچے کیلئے ماں باپ کا قرب ضروری ہے کہ وہ اپنی مادری زبان اور خاندانی روایات سیکھے۔ اسکول میں استاد کا قرب ضروری ہے۔ اسی طرح روحانیت میں مرشد کی قربت ضروری ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ روحانیت پھونکوں کا علم ہے، اگر پھونکوں سے روحانیت آ جاتی تو پھونکوں سے آدمی میٹرک بھی کر لیتا۔ دنیاوی علوم اور روحانی علوم سیکھنے کیلئے استاد کی قربت ضروری ہے۔ استاد کے بغیر کوئی بھی علم نہیں سیکھا جا سکتا۔
گونگے، بہرے ماں باپ کے بچے ان کے ساتھ رہ کر بولنا نہیں سیکھ سکتے۔ ایک انسان کے بچے کو بھیڑیا اٹھا کر لے گیا اور بھیڑیے نے اس کی پرورش کی۔ بھیڑیے کی صحبت اور پرورش کا یہ اثر ہوا کہ بچہ چاروں ہاتھوں پیروں سے چلنے لگا اور وہ بہت تیز بھاگتا تھا۔
اگر ہم صفاتی اعتبار سے جانوروں کی زندگی گزاریں تو انسان کے اندر بھی جانوروں کی صفات آ جاتی ہیں۔ جب بچہ بداخلاق لوگوں کے ساتھ رہتا ہے تو وہ بھی بداخلاق ہو جاتا ہے۔ ماں باپ گالیاں بکتے ہیں تو بچہ بھی گالیاں بکنے لگتا ہے۔ ماں باپ صاف ستھرے رہتے ہیں، ان کا اخلاق اچھا ہوتا ہے اور وہ محب وطن ہوتے ہیں تو بچہ کے اندر بھی یہی خصوصیات ہوتی ہیں۔ بچہ کے اندر وہی صفات ہوتی ہیں جو والدین اور ماحول میں ہیں۔
انسان دو پیروں سے چلتا ہے اس لئے کہ اس کی ماں اور انسانی برادری دو پیروں سے چلتی ہے۔ بکری کا بچہ چار پیروں سے چلتا ہے اس لئے کہ اس کی ماں بکری بھی چار ہاتھ پیروں سے چلتی ہے۔ چڑیا کا بچہ اڑتا ہے اس لئے کہ اس کے ماں باپ اڑتے ہیں۔ یہی حال رینگنے والے کیڑوں کا ہے وہ بھی اسی طرح رینگتے ہیں جس طرح کیڑے کے ماں باپ رینگتے ہیں۔
چڑیا ایک پرندہ ہے، اس پرندہ کی آواز چوں چوں ہے۔ چڑیا کے بچے بھی یہی آواز بولتے ہیں جو چڑیاکے ماں باپ بولتے ہیں۔ کوئل کی آواز نہایت خوبصورت آواز ہے۔ کوئل کے بچے بھی خوبصورت آواز میں کوکو کی صدا لگاتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔۔۔
’’اچھی آواز سے بات کرو۔ اور آواز تو گدھے کی بھی ہے۔‘‘(سورۃ لقمان۔ آیت۱۹)
جس طرح دنیاوی زندگی میں ماحول کا اثر ہوتا ہے اور آدمی اس ماحول کی نقل کرتا ہے جس ماحول میں وہ رہتا ہے۔ اسی طرح روحانی دنیا کا بھی ایک ماحول ہے۔ اس ماحول میں رہنے والے لوگوں کا اخلاق اچھا ہوتا ہے۔ ان کے اندر شک اور وسوسے کی جگہ یقین کام کرتا ہے۔ جس طرح آدمی کے اوپر ماحول اثر انداز ہوتا ہے اسی طرح اخلاق اور شرافت کا اثر ہوتا ہے۔ روحانی دنیا میں بھی ماحول کا اثر ہوتا ہے اور اس کی ابتداء یقین سے ہوتی ہے۔ جب کوئی بندہ روحانی دنیا سے واقف ہو جاتا ہے اور روحانی دنیا کی طرزیں اس کے اندر راسخ ہو جاتی ہیں تو وہ کہتا ہے کہ
’’میرا اس بات پر یقین ہے کہ دنیا میں آخرت میں، دنیا میں آنے سے پہلے اور دنیا سے جانے کے بعد کی دنیا میں، یعنی جی اٹھنے کے بعد عالم میں، صبح، دوپہر، شام اور رات میں جو کچھ ہوتا ہے، ہو چکا ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے۔‘‘
(سورۃ آل عمران۔ آیت۷)
بحوالہ:
آگہی از خواجہ شمس الدین عظیمی
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔